27/02/2025
چغتائی پبلک لائبریری کے زیرِ اہتمام علامہ اقبال کے فارسی مجموعۂ کلام زبورِ عجم کی تفہیم و مطالعہ پر مبنی کورس کی تکمیل پر تقریبِ تقسیمِ اسناد 26 فروری 2025 کو چغتائی ہیلتھ کیئر ہیڈ آفس، لاہور میں منعقد ہوئی۔ کورس، جو 23 اگست 2023 سے 26 فروری 2025 تک جاری رہا، ڈاکٹر وحید الزمان طارق کی زیرِ تدریس مکمل ہوا۔
تقریب میں ملک کے نامور ماہرینِ اقبالیات، دانشوروں اور محققین نے شرکت کی۔ بانی چغتائی پبلک لائبریری ڈاکٹر اے۔ایس چغتائی کی سرپرستی میں ہونے والی اس تقریب کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین (ڈائریکٹر ادارۂ زبان و ادبیات اردو، پنجاب یونیورسٹی) نے فرمائی، جبکہ نظامت نوجوان اقبال اسکالر زید حسین نے کی۔ محترمہ ریحانہ کوثر (کنسلٹنٹ، چغتائی پبلک لائبریری) نے مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا اور فکر اقبال کے فروغ کے حوالے سے چغتائی لائبریری کی عملی اقدامات پر روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر وحید الزمان طارق نے زبورِ عجم کے پیغام اور اس کی عصری اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مہمانِ خصوصی ولید اقبال نے شرکائے کورس کو مبارکباد دیتے ہوئے زبورِ عجم اور بال جبریل کی غزلیات کا تقابلی جائزہ پیش کیا اور چغتائی پبلک لائبریری کی خدمات کو سراہا۔ پروفیسر ڈاکٹر نجیب جمال (ایف سی کالج یونیورسٹی) نے فارسی زبان کی ترویج پر کورس کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا، جبکہ ڈاکٹر عبدالروف رفیقی نے زبورِ عجم کے فکری و ادبی پہلوؤں پر گفتگو کی۔
ایران کے خانۂ فرہنگ کے ڈائریکٹر جنرل، جناب اصغر مسعودی نے اہلِ ایران کی علامہ اقبال سے عقیدت کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایران کے موجودہ صدر نے اپنے صدارتی خطبے کا آغاز زبورِ عجم کے اشعار سے کیا۔ صدرِ تقریب ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے کورس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، فارسی اور اردو شاعری میں اقبال کے نمایاں رجحانات کا ذکر کیا اور شرکائے کورس کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر کورس کے طالب علم محترم ملک ذبیح اللہ نے اس کورس کے استاد پروفیسر ڈاکٹر وحید الزمان طارق اور کورس منتظم زید حسین کو فکرِ اقبال کی ترویج و اشاعت کی بے لوث خدمات پر وزیر آباد کا روایتی تحفہ پیش کیا۔
اختتام پر معزز مہمانانِ گرامی کو یادگاری شیلڈز سے نوازا گیا، اور شرکائے کورس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب کے کامیاب انعقاد پر تمام شرکاء نے چغتائی پبلک لائبریری کے علمی و فکری کردار کو سراہا۔