یہ "ہیومن لائبریری" پاکستان کی سب سے پہلی اور با ضابطہ انسانی لائبریری ہے جس کی بنیاد چغتائی پبلک لائبریری نے رکھی۔ یہ اپنی نوعیت کی منفرد اور دلچسپ لائبریری ہے، جس میں کاغذ سے بنی کتابوں کی بجائے، چلتے پھرتے، جیتے جاگتے انسان ہی کتاب ہونگے۔
اس لائبریری کا مقصد معاشرے کے متنوع گروہوں کو جوڑنا، تعصب اور دقیانوسیت پر قابو پانا، دوسروں کے تجربات سے سیکھنے کے ساتھ ساتھ منفی رویوں کو تبدیل کرنا ہے۔
اس ہیومن لائبریری میں ہم نے ان انسانی کتابوں کو دو کیٹگری میں تقسیم کیا ہے۔ پہلی ٹائپ میں معاشرے کے باصلاحیت، صاحبان علم و فضل اور بے شمار تجربات کی حامل شخصیات کو شامل کیا ہے۔ دوسری ٹائپ میں وہ انسانی کتب شامل ہیں جو معاشرے کے کسی نہ کسی تعصب، دقیانوسیت کا شکار ہوئے، معاشرہ ان کو قبول نہیں کرپا رہا، ان کی حوصلہ شکنی کرتا ہے لیکن انہوں نے بڑی جرات مندی اور صبر کے ساتھ تمام مشکلات کا مقابلہ کیا اور بلاآخر کامیاب ہوئے، اِن شخصیات کو بھی بطور کتاب پیش کیا ہے۔
یہاں قارئین اپنی من پسند انسانی کتاب کا انتخاب کرسکتے ہیں اور ان سے بھر پور سوالات کرکے اُن کے احساسات اور تجربات سے مستعفید ہوسکتے ہیں۔ اِن تمام انسانی کتابوں کا تعارف ہماری ویب سائیڈ پر دستیاب ہیں۔